کوئٹہ(این این آئی) ) سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر درا بلوچ نے کہا ہے کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی مشیر برائے کھیل مینا مجید کی سربراہی میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ بہترین کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔آج بلوچستان کے تیر اندازی کے کھلاڑیوں خاص کر بلوچستان کی بہادرگرلز آرچرز کی مہارت دیکھ کر بہت اچھا لگا اورامید کرتے ہیں کہ تیسرے نیشنل اسٹوڈنس اولمپک گیمز میں بلوچستان کا دستہ نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا۔دریں اثناء سیکرٹری سپورٹس تیر اندازی کے ٹرائلزدیکھنے بذات خود پہنچے۔ تیسرے نیشنل سٹوڈنٹس اولمپک گیمز 2026 اسلام آباد کے لیئے بلوچستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر مس اختر اور بلوچستان سٹوڈنٹس آرچری ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جہانگیر خان کاکڑ کے زیرنگرانی مورخہ 23 جنوری 2026 بروز جمعہ بمقام PSB کوچنگ سنٹر ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں بلوچستان بوائز آرچری ٹیم کے کھلاڑیوں کا جبکہ مورخہ 24 جنوری 2026 بروز ہفتہ بلوچستان گرلز آرچری ٹیم کے کھلاڑیوں کا اوپن ٹرائل منعقد ہوا۔ ٹرائل میں ضلع کوئٹہ، پشین، چمن، خضدار، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، ڑوب اور نصیر آبادکی ٹیموں نے حصہ لیا۔ کوچنگ کے فرائض کوئٹہ ڈسٹرکٹ آرچری ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری گل محمد نورزئی اور نیشنل تیرانداز محمد داود خان نے سرانجام دیا۔ بوائز آرچری ٹیم انڈر 18 میں 18 میٹر ٹیم ایونٹ کے لیئے عباس خان محسود، بلال کاکڑ، تاشفین رئیسانی اسی طرح انڈر 25 میں 30 میٹر ٹیم ایونٹ کے لیئے سید سمیع اللہ شاہ، الیاس علی موسوی، ریحان خان جبکہ اوپن میں 50 میٹر ٹیم ایونٹ کے لیئے افضل کاسی، ساجد کاکڑ، نقیب اللہ منتخب ہوئے۔ گرلز آرچری ٹیم انڈر 18 کے لیئے ردا فاطمہ، سکینہ بی بی، کنیز فاطمہ اسی طرح انڈر 25 میں 30 میٹر کے لیئے حناتا علی،روحامہ قدیر، منزہ منتخب ہوئے تیسرے نیشنل سٹوڈنٹس گیمز 2026 اسلام آباد میں بلوچستان سٹوڈنٹس آرچری بوائز اور گرلز ٹیمیں انفرادی ایونٹ ٹیم ایونٹ اور مکس ٹیم ایونٹ میں بھرپور شرکت کریں گے۔ محکمہ کھیل بلوچستان کے سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ نے ٹرائل کا دورہ کیا۔ کھلاڑیوں کا کھیل اور ٹیلنٹدیکھا۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ نے کہا کہ محکمہ کھیل نوجوان کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کررہا ہے۔ کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنے کا تلقین کیا۔ مزید کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ موجودہے اور امید ہے کہ نیشنل سٹوڈنٹس گیمز 2026 اسلام آباد میں بلوچستان کا نام روشناس کرائینگے۔ آخر میں کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

