کوئٹہ(این این آئی)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں گرینڈ الائنس ملازمین کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور ان پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گذشتہ روز حب چوکی میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی انکے رفقاء اور گرینڈ الائنس کے ملازمین کے احتجاج پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ظالمانہ تشدد کو جمہوریت و جمہوری روایات و صوبے کے اقدار کے خلاف ایک ملازم دشمن عمل قرار دیا۰ بیان میں کہا گیا کہ احتجاج اور مطالبات ہر شہری و ملازم کا جمہوری و انسانی حق ہے اس حق کو بزور طاقت دبانا صرف مسلط نمایندوں کے ذریعے ہی ممکن ہے جبکہ اس دوران ایک بڑی جمہوری سیاسی جماعت کے زمہ داران و صوبائی صدر بھی احتجاجی عمل میں شامل ہو اور انکے خلاف طاقت کا بیدریغ استعمال کیا جاتا ہو تو اس طرح کا عمل نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ اس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرنا ضروری ہے۔بیان میں اے این پی، اصغر خان اچکزئی اور گرینڈ الائنس کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پارٹی کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ ملازمین کو وفاق اور دیگر صوبوں کے طرز پر ڈی آر اے دیا جائے انکے تمام جائز مطالبات تسلیم کرکے گرفتار ملازمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

