کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما سید جہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت اور چیف آف ڈیفنس کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے،پاکستان کو دنیا میں اب قدرکی نگاہ سے دیکھا جارہاہے اور مختلف ممالک پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کرناچاہتے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت کو بلیک میل کرنا چھوڑدیں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمدنوازشریف اورچیف آف ڈیفنس سیدعاصم منیرکی مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہورہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے سرحدوں کے دفاع کیلئے رات رات مصروف ہے بھارت کو عبرتناک شکست سے بعد بہت سارے ممالک پاکستان سے دفاعی معاہدے کرناچاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاک فوج اوردیگر سیکورٹی فورسزکے اداروں کی بدولت ملک سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں کے شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت کو بلیک میل کرنا چھوڑ دے کیونکہ اب مسلم لیگ(ن) قومی اسمبلی میں اکثریتی جماعت بن چکی ہے اور وہ بغیر کسی کے سہارے حکومت بناسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مخلوط صوبائی حکومت میں شامل پیپلز پارٹی کے وزراء سرعام نوکریاں فروخت کر رہے ہیں جس کا نوٹس لیاجاناچاہئے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے وزراء بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صاف او ر شفاف طریقے سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دیں جس سے ان میں پائی جانے والی مایوسی کا خاتمہ ہوا۔

