کوئٹہ(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عالم خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں آئینی و قانونی حقوق کے لیے پرامن جدوجہدکرنے والے گرینڈ الائنس کے ملازمین پرتشدد، لاٹھی چارج،گرفتاریاں اور مچھ جیل منتقل کرنا قابل مذمت ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عالم کاکڑ نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 16 اور 17 ہر شہری کو پرامن اجتماع اور اظہارِ رائے کا حق دیتا ہے جبکہ ملازمین کے معاشی و پیشہ ورانہ حقوق کے لیے آواز بلند کرنا کوئی جرم نہیں بلکہ ایک آئینی حق ہے افسوسناک امر یہ ہے کہ گرینڈ الائنس کے ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کو بھی جرم بنا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سیکرٹری جنرل جہانگیر رند پر ملازمین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے دوران حملہ، ریاستی جبر، بربریت اور فسطائیت کی واضح مثال ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ایسے اقدامات کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واضح مؤقف رکھتی ہے کہ ملازمین کے حقوق کے لیے اٹھنے والی مؤثر اور آئینی آواز صرف تحریک انصاف ہے ہم گرینڈ الائنس کے ملازمین کے تمام جائز مطالبات کے ساتھ کھڑے ہیں اور ریاستی جبر کے خلاف ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان گرینڈ الائنس سے اتنی گھبراچکی ہے کہ گرفتار رہنماوں اور ملازمین کو کوئٹہ سے مچھ جیل منتقل کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے جائز حقوق سے دستبردار ہوجائیں لیکن حکومت اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ جہانگیر رند سمیت تمام گرفتار ملازمین کو فوری اور غیر مشروط رہا کیا جائے تھری ایم پی او کے تحت کی گئی تمام گرفتاریاں کالعدم قرار دی جائیں،ملازمین پر تشدد اور غیر قانونی گرفتاریوں میں ملوث عناصر کے خلاف آئینی و قانونی کارروائی کی جائے پرامن احتجاج کے حق کو سلب کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔

