عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے، عاصم خان

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) ڈی آئی جی نصیر آباد رینج کیپٹن ریٹائرڈ عاصم خان نے ضلع جھل مگسی کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر ایس پی جھل مگسی سبحان علی مگسی و دیگر حساس اداروں کے آفیسران بھی موجود تھے۔ دورے کا مقصد ضلع میں مجموعی امن و امان کی صورتحال، حساس و اہم سرکاری تنصیبات کی سیکیورٹی اور کارکردگی کا ازسرِنو جائزہ لینا تھا۔ڈی آئی جی نصیر آباد نے اپنے دورے کے دوران ضلع جھل مگسی میں قائم مختلف بینکوں، پولیس تھانوں، پولیس چیک پوسٹس سمیت دیگر حساس اور اہم سرکاری تنصیبات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی پر مامور نفری کی تعیناتی، الرٹ ڈیوٹی، داخلی و خارجی راستوں، ریکارڈ کی جانچ اور مجموعی حفاظتی اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی نصیر آباد کیپٹن ریٹائرڈ عاصم خان نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو سخت اور واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور موجودہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام اہلکار ہر وقت چوکس، مستعد اور الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی، افراد یا صورتحال پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور سیکیورٹی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔دورے کے دوران ڈی آئی جی نصیر آباد نے حساس اداروں اور سیکیورٹی اداروں کے افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس بھی منعقد کیا۔ اجلاس میں ضلع جھل مگسی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز، بین الادارہ جاتی رابطہ کاری، انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور قریبی رابطے کے ذریعے سیکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں۔ڈی آئی جی نصیر آباد نے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں سے ان کے فرائض، دستیاب وسائل، سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فورس کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے، وسائل کی فراہمی اور اہلکاروں کو درکار سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔کیپٹن ریٹائرڈ عاصم ث نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی اولین اور بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کے معاملات میں کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ فرض شناسی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون کا رویہ اپنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں