ڈیرہ مردا جمالی (این این آئی)ایس ایس پی نصیرآباد اسد خان ناصر نے ایڈیشنل ایس پی نصیرآباد محمود احمد نوتیزئی کے ہمراہ انجمن تاجران، امن کمیٹی ممبران و سول سوسائٹی اراکین سمیت دیگر کے ساتھ ایس ایس پی آفس نصیرآباد میں تعارفی اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او سرکل سٹی محمد شمن سولنگی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایس ایس پی نصیرآباد اسد خان ناصر نے فرداً فرداً تمام شریک اجلاس سے تعارف کیا اور موجودہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تمام شرکاء سے ان کی آرا معلوم کیں۔اس موقع پر ایس ایس پی نصیرآباد اسد خان ناصر نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس، تاجر برادری، امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کا باہمی تعاون نہایت ضروری ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط روابط ہی پائیدار امن کی ضمانت ہیں، اور اس سلسلے میں عوامی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ایس ایس پی نصیرآباد اسد خان ناصر نے اجلاس میں شریک تمام افراد کے تاثرات بغور سنے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس نصیرآباد تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس ہمہ وقت متحرک ہے اور اس ضمن میں تاجر برادری، امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

