صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ) جعفرآباد کے علاقے مانجھوٹی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی ڈی اے و صوبائی وزیر عبدالمجید بادینی نے دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاقے کے درپیش مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر مانجھوٹی کے عمائدین میر منظور احمد خان نیچاری سمیت دیگر معززین سے ملاقات بھی کی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالمجید بادینی نے کہا کہ “مانجھوٹی میرا گھر ہے اور جعفرآباد کے عوام میرے لیے بے حد عزیز ہیں”۔ انہوں نے علاقے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کے باعث عوام کی چادر اور چار دیواری محفوظ نہیں رہی، جو ایک افسوسناک امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ نصیرآباد ڈویژن مجموعی طور پر اس صورتحال سے نسبتاً محفوظ ہے، تاہم پولیس اپنے دائرہ اختیار میں فرائض انجام دے رہی ہے۔ بعض عناصر معمولی مفادات کے تحت چوروں اور ڈاکوؤں کی پشت پناہی کرتے ہیں، جس کے باعث بدامنی کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن میں سفر کے دوران ہر چوراہے پر مشکوک گاڑیاں نظر آتی ہیں، جو امن و امان کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہیں۔
عبدالمجید بادینی نے عوام پر زور دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ علاقے میں امن کی فضا بحال ہو سکے۔
انہوں نے زرعی پانی کی شدید قلت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جلد اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان زراعت کے شعبے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، جبکہ درآمدات اور افغانستان و ایران کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ کسان خوشحال ہو سکیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کھاد کی بڑھتی قیمتوں اور چاول، ٹماٹر و دیگر اجناس کی کم نرخوں نے کسانوں کو معاشی طور پر نڈھال کر دیا ہے، اس لیے زرعی اجناس کی قیمتوں میں توازن ناگزیر ہے۔
صوبائی وزیر نے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ جلد بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مانجھوٹی میں صاف پینے کے پانی کی شدید قلت کا ذکر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوام کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
آخر میں عبدالمجید بادینی نے کہا کہ “جعفرآباد کے عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور ان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ہم خلوص نیت سے کام کر رہے

