صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ) بلوچستان گرینڈ الائنس سے وابستہ اساتذہ کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کا عمل قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے صوبائی صدر بلوچستان میر مشرف علی خان کھوسہ نے اساتذہ کی گرفتاریوں پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پہلے ہی بیروزگاری، بدامنی اور سنگین معاشی مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، ایسے نازک حالات میں اساتذہ جیسے ذمہ دار اور باوقار طبقے کے خلاف سخت اقدامات صوبے میں مزید بے چینی اور اضطراب کو جنم دے رہے ہیں۔
میر مشرف علی خان کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان گرینڈ الائنس اپنے جائز مطالبات کے حق میں پُرامن احتجاج کر رہا ہے، مگر حکومت کی جانب سے طاقت کا استعمال کسی بھی صورت مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے حالات مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں، جو علم کی شمع روشن کر کے آنے والی نسلوں کی فکری و اخلاقی تربیت کرتے ہیں، ان کے ساتھ ناروا سلوک پورے معاشرے کو متاثر کرتا ہے۔
صوبائی صدر فنکشنل لیگ نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان گرینڈ الائنس کے قائدین سے بذاتِ خود ملاقات کریں اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے اساتذہ کے مطالبات تسلیم کر کے مسئلے کا پُرامن اور باعزت حل نکالا جائے۔

