ایڈ بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں رائٹ ٹو انفارمیشن کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

کوئٹہ(این این آئی)ایڈ بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں رائٹ ٹو انفارمیشن کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تربیتی ورکشاپ نوجوانوں کے لیے منعقد کی گئی، جس میں صحافیوں، طلبہ، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ تربیت کا مقصد نوجوانوں کو رائٹ ٹو انفارمیشن قانون سے آگاہ کرنا اور اسے عملی طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران شرکاء کو رائٹ ٹو انفارمیشن بلوچستان ایکٹ، معلومات تک رسائی کے طریقہ کار اور شفافیت و احتساب کے فروغ میں اس قانون کے کردار سے متعلق تفصیلی سیشنز دیے گئے۔ ماسٹر ٹرینر میر بہرام بلوچ نے شرکاء کو قانون کے مختلف پہلوؤں پر جامع آگاہی فراہم کی۔تقریب کی میزبانی میر بہرام لہڑی نے کی، جبکہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز احسن اختر اور ایڈ بلوچستان کی ایڈووکیسی آفیسر رخسانہ عبدالحق نے کیا۔ اس موقع پر عادل جہانگیر نے ایڈ بلوچستان کے 2015 سے لے کر آج تک کے سفر، جدوجہد اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب کے مہمانِ خاص نصیر چنہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر برائٹ اسٹار ڈویلپمنٹ سوسائٹی بلوچستان تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کی تربیت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ نوجوان اس تربیتی ورکشاپ سے حاصل کی گئی معلومات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور اسے عملی میدان میں استعمال کریں گے۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ منتظمین نے تربیتی ورکشاپ کی کامیابی پر تمام شرکاء اور تعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں