جھل مگسی گنداواہ : ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ سے اللہ آباد کالونی گنداواہ کے مکینوں کی اپیل، سیوریج، بجلی، واٹر چینل پر پل کے مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ

جھل مگسی گنداواہ (رپورٹ: عبدالحمید لاشاری) ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ سے اللہ آباد کالونی گنداواہ کے مکینوں نے اپیل کی ہے کہ وہ نوآباد اور تیزی سے پھیلتی ہوئ ی اس بستی کو درپیش سنگین بنیادی مسائل کا فوری نوٹس لیں۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اللہ آباد کالونی گنداواہ کی نئی اور بڑی آبادیوں میں شمار ہوتی ہے، مگر بدقسمتی سے یہ کالونی تاحال تعلیم، بجلی، سیوریج، صفائی، واٹر چینل اور پل جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
مکینوں کے مطابق کالونی میں سیوریج کا کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں، جس کے باعث گندے پانی کے تالاب بن چکے ہیں جو وبائی امراض پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔ بجلی کے حوالے سے صورتحال انتہائی تشویشناک ہے؛ کالونی کا ٹرانسفارمر چوری ہو چکا ہے، ایل ٹی پولز گلیوں میں نصب نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے لوگ دور دراز سے غیر محفوظ تاریں کھینچنے پر مجبور ہیں۔ مزید برآں ایچ ٹی لائنیں گھروں کے اوپر سے گزر رہی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں۔
اہلیانِ علاقہ نے شکایت کی کہ میونسپل کمیٹی گنداواہ کی جانب سے صفائی کے شیڈول تو کاغذوں میں تیار کیے جاتے ہیں، مگر عملی طور پر گزشتہ ایک سال سے اللہ آباد کالونی میں صفائی کا عملہ نہیں آیا۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور بند نالیاں عوام کے لیے مستقل اذیت بن چکی ہیں۔
علاقہ مکینوں کا مزید کہنا تھا کہ واٹر چینل پر پختہ پل کی عدم موجودگی کے باعث آمد و رفت میں شدید مشکلات درپیش ہیں، خاص طور پر بارشوں کے دوران صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، جس سے طلبہ، مریضوں، بزرگوں اور خواتین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اہلیانِ اللہ آباد کالونی نے ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر کالونی میں سیوریج، بجلی، صفائی، واٹر چینل اور پختہ پل کی تعمیر کے لیے فوری اور عملی اقدامات کے احکامات جاری کریں تاکہ عوام بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور سکھ کا سانس لے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں