کوئٹہ (رپورٹر )سینئر صوبائی نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو بلوچستان میر علی حسن زہری نے کوئٹہ، نوشکی، مستونگ، قلات، خاران، گوادر اور پسنی سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے بیک وقت دہشت گرد حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ اور گھناونی کارروائیاں پاکستان کے امن، سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے سفر کو سبوتاڑ کرنے کی ناکام کوشش ہیں، جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں سرکاری املاک اور ریڈ زون کے قریب حملے دشمن کی بوکھلاہٹ اور شکست خوردگی کا واضح ثبوت ہیں تاہم ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کر کے نہ صرف بڑے جانی نقصان سے بچایا بلکہ قوم کے حوصلے بھی بلند کیے، جو قابل تحسین اور قابل فخر اقدام ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج، ایف سی، پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل اتحاد، اعتماد اور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان میں بدامنی اور انتشار پھیلا کر ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر کو روکنا چاہتی ہیں مگر بلوچستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ ایسی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والوں کا نہ دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی انسانیت سے، ایسے عناصر ریاست اور معاشرے کے دشمن ہیں اور ان کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس ضمن میں سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے تاکہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، رواداری اور قومی ہم آہنگی کے علمبردار ہیں اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صوبائی وزیر نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، کیونکہ انہی قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک محفوظ اور مضبوط پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

