کوئٹہ(این این آئی) سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے تربت سے شاہنواز گل رند کے اغوا کے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صوبے میں امن و امان کی بدترین صورتحال کا عکاس قرار دیا ہے اورحکومتی رٹ پر سنگین سوالیہ نشان ہے اپنے جاری کردہ بیان میں رند قبیلے کے سربراہ سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان میں اغوا برائے تاوان ایک منظم کاروبار کی شکل اختیار کرچکا ہے، جبکہ معصوم اور نہتے شہریوں کو اغوا کاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جو حکومتی رٹ پر سنگین سوالیہ نشان ہے انہوں نے کہا کہ تربت شاہنواز گل رند کا اغوا انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر کھلا سوال ہے حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے، مگر بدقسمتی سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں اور جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر دندناتے پھر رہے ہیں حکومت فوری ہنگامی اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے شاہنواز گل رند کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنائے، اغوا میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور صوبے بھر میں اغوا برائے تاوان کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے-

