کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست پوری قوت اور عزم کے ساتھ مصروفِ عمل ہے اور دشمن کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں ہفتہ کی صبح ہونے والے بم دھماکے کے مقام کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کے مقام پر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردعمل کو سراہا اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے وزیر اعلیٰ کو واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس میں سیکیورٹی انتظامات، جاری کارروائیوں اور مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا گیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثر ردعمل کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی کے باعث بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا ہے، جبکہ صرف گزشتہ دو روز میں 70 کے قریب دہشت گرد ہلاک کیے گئے انہوں نے بتایا کہ آج علی الصبح فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے اپنے گرتے ہوئے مورال کو سہارا دینے کے لیے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی تاہم بلوچستان پولیس اور فرنٹیئر کور کے جانباز جوانوں نے باہمی تعاون سے ان تمام حملوں کو ناکام بنایا اور اب تک 37 مزید دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ یہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ریاستی عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر محافظوں پر فخر ہے جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر صوبے اور ملک کے امن کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

