مورچوں پر اہلخانہ کے بغیر عید سب سے بڑا قومی فریضہ ہے، عاصم منیر

جوانوں کے عزم و حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا اور بلند حوصلے، غیرمعمولی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی
راولپنڈی(این این آئی) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کنٹرول لائن (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور عید جوانوں کے ساتھ منائی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحی اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ منائی، ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے انکا استقبال کیا۔آرمی چیف نے عیدالاضحیٰ کی نماز بھی جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر ادا کی، نماز عید کے بعد وطن کی ترقی و استحکام،شہدا کے ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور جوانوں کے عزم و حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا اور بلند حوصلے، غیرمعمولی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ مورچوں پر اہلخانہ کے بغیر عید سب سے بڑا قومی فریضہ ہے، عید پر گھر والوں سے دور رہنا مادر دفاع وطن کے اعلیٰ قومی مقصد کو پورا کرتا ہے۔آرمی چیف نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد اور شہدا، غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں