عوامی خدمت صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عوامی خدمت صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے نئے ٹراما سینٹر کی فعالی سے بہترین اور جلد طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی،شیخ زید ہسپتال کے ٹراما سینٹر کی تکمیل بھی جلد مکمل کی جائے۔یہ بات انہوں نے پیر کو ٹراما مرکز کی فعال پر پیش رفت سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، سیکریٹری خزانہ لعل جان جعفر، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران زرکون،سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان اور مینیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ارباب کامران کاسی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ کو سیکرٹری صحت کی جانب سے کوئٹہ اسپینی پر نو تعمیر شدہ ٹراما سینٹر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے نئے تعمیر ہونے والے ٹراما سینٹر کی فوری فعالی، نئے اسٹاف کی بھرتی میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے تعمیر ہونے والے ٹراما مرکز کے استعداد کار اور فوری علاج و معالجے کی سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے ٹراما سینٹر میں کلینیکل نیٹ ورک کو وسعت دی گئی ہے۔ اجلاس کو ٹراما سینٹر کے لئے مطلوبہ افرادی قوت میں اضافہ اور بجٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں