اسلام آباد(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصربلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو انتہائی شاندار قرار دیتے ہوئے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور بہادری کی تعریف کی ہے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ دہشت گردوں نے صبح کے وقت بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر حملے کیے، مگر سیکیورٹی فورسز نے نہ صرف ان کے عزائم ناکام بنائے بلکہ دہشت گردوں کو سخت نقصان پہنچایا۔ انہوں نے اہلکاروں کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے، جو وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے بھی نہیں ہچکچاتے۔قائم مقام چیئرمین نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی محنت اور قربانی کی بدولت اب تک سو سے زائد دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں، جو دشمن کے ارادوں کو ناکام بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے امن اور سلامتی کے لیے ہماری افواج ہر لمحہ تیار ہیں اور قوم ہمیشہ اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور ان قربانیوں کی بدولت ملک میں امن و امان کی کوششیں کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں۔ سیدال خان ناصر نے اس بات کا عزم دہرایا کہ پاکستان میں کسی بھی صورت میں امن، سلامتی اور استحکام پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔قائم مقام چیئرمین نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر فوجی جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

