سیکورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث تخریب کاروں کے منصوبے دم توڑ گئے،نسیم الرحمن ملاخیل

کوئٹہ(این این آئی) صوبائی مشیر برائے ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن خان ملاخیل نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف حصوں میں امن کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنانا سیکورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مستعدی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث تخریب کاروں کے منصوبے دم توڑ گئے اور عوام کے جان و مال کو محفوظ بنایا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ایک ہی وقت میں مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کی سازش کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا، تاہم اداروں کی یکجہتی اور فوری ردِعمل نے اس ارادے کو ناکامی سے دوچار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں سیکورٹی اداروں اور پولیس نے غیر معمولی حوصلے اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن دشمن عناصر کو واضح پیغام دیا ہے۔نسیم الرحمن خان ملاخیل نے کہا کہ بلوچستان امن، رواداری اور اقدار کی سرزمین ہے اور یہاں بدامنی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے عوام کے تحفظ کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت اس مشکل وقت میں شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں