کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام سرکاری تحویل سے چوری شدہ موٹرسائیکل، گاڑیاں،رکشے اوردیگر سامان متعلقہ تھانوں میں واپس کردیں بصورت دیگر 48گھنٹے بعد ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اورجن کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد ہواانکو دہشتگردوں کا ساتھی تصور کیا جائے گا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری غیور، مہمان نواز اورپر امن لوگ ہیں تاہم دہشتگرد حملے کے دوران بعض شہریوں کارویہ ایک سوالیہ نشان بن گیا ہے جب کوئٹہ پولیس دہشتگردوں سے مقابلے میں مصروف تھی بعض شر پسند شہریوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکار ی املاک بشمول موٹرسائیکل، گاڑیاں، رکشے، جو کہ سرکاری تحویل میں تھے ان کو چوری کیا یہ عمل بخود دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جن شہریوں نے سرکاری تحویل سے موٹر سائیکل، گاڑی اوررکشہ یا کوئی بھی سرکاری املاک چوری کی ہے ان کو خبردار کیا جاتا ہے کہ کوئٹہ پولیس ایک آپریشن لانچ کرنے جارہی ہے جس میں تمام چوری شدہ سامان کو ریکور کیا جائے گا اور جن کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد ہوا ان کو بھی دہشتگردوں کا ساتھی تصور کیا جائے گا اور ان کے خلاف دہشتگردی دفعات کے مطابق مقدمے چلائے جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ پولیس عوام کی خدمت میں ہمہ وقت مشغول ہے ایسے تمام اشخاص جنہوں نے فرط جذبات میں سرکاری املاک چوری کی ان کو 48گھنٹوں کی مہلت دی جاتی ہے کہ سرکاری تحویل سے چوری شدہ سامان، موٹر سائیکل، گاڑیاں، رکشے متعلقہ تھانوں میں واپس کر دیں ان سے کوئی بھی سوال نہیں کیا جائے گا تاہم 48گھنٹے گزرنے کے بعد جن کے قبضے سے چوری شدہ املاک برآمد ہوئی اْن کو دہشتگردوں کا ساتھی تصور کیا جائے گا۔

