وزیراعلیٰ بلوچستان،صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان،صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کا راگ الاپتے نہیں تھکتے جبکہ دوسری طرف وہ خود بلٹ پروف اور درجنوں اسکواڈ کی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں،صوبے میں بگڑتی ہوئی امن وامان کی صورتحال پر تمام اداروں کو اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر کوئی لائحہ عمل طے کرنا ہوگا،بلوچستان امن جرگہ نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اور صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں انکے امن و امان کے بلند وبانگ دعوے صرف اور صرف اخبارات کی حد تک ہیں عملی طورپر اسکے برعکس ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ،صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی خود بلٹ پروف گاڑیوں اورسخت سیکورٹی میں گھومتے ہیں جبکہ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے صوبے میں قومی شاہراؤں پر عوام کا سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا سیاسی جماعتوں سے عوام کااعتماد اٹھ چکا ہے سیاسی جماعتوں کے قائدین عوام کو آپس میں لڑاتے ہیں اور خود ایک جگہ بیٹھ کر کھانا کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تمام اداروں، قبائلی عمائدین اور اسٹیک ہولڈرکومل بیٹھ کر کوئی لائحہ عمل طے کرنا ہوگااور یہ سوچنا ہوگا کہ نوجوان کیوں دہشتگردوں کے ساتھ ہاتھ ملانے پر مجبور ہیں؟اورانہیں کیسے دہشت گردوں سے دور رکھا جاسکتا ہے۔لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی اورآئندہ بھی کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں