بلوچستان کے عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے، جائز مطالبات حل کرنے چاہئیں‘ملک احمد خاں

لاہور (این این آئی) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے، جائز مطالبات حل کرنے چاہئیں،پاک افواج بلوچستان میں دہشتگردوں، غیر ملکی ایجنٹوں اور سمگلرز کا گٹھ جوڑ توڑنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کا بلوچستان میں امن کے قیام کے لئے واضح موقف ہے۔انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن کی بلوچستان سے گرفتاری، جعفر ایکسپریس اور مختلف شہروں میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات شر پسند عناصر کی نشاندہی کرتے ہیں۔ایک جانب سرحد کے دوسری جانب سے مداخلت ہے اور دوسری طرف پیسے لے کر دہشتگردی کرنے والے عناصر موجود ہیں لیک،ن افواج پاکستان، سیاسی جماعتیں اور پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں،یہ پاکستان کے وجود اور سالمیت کی بات ہے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ میں دو باتوں پر تشویش کا شکار ہوں کہ قومی سطح پر ابھی بھی یہ بات جاری ہے کہ دہشتگردی کا جواب دیا جائے یا بات چیت کی جائے، یہ بحث کیسے پیدا ہو رہی ہے اور اسکے پیچھے کون کون سی طاقتیں ہیں، بلوچستان کے عوام کو جتنے صوبائی اختیارات ہیں وہ ملنے چاہئیں اس میں کوئی دو رائے نہیں، بلوچستان کے عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے، بلوچستان کے عوام کے جو جائز مطالبات ہیں وہ حکومت پاکستان کو حل کرنے چاہئیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بسنت کا رنگ ہوا میں پھیلنا چاہیے، کوئی بھی ایسی ڈور استعمال نہ کرے جس سے بجلی کی تنصیبات اور انسانی جان کو خطرہ ہو، بسنت خوشی کا تہوار ہے اسے خوشی سے منایا جائے، بسنت پر زیادہ پولیسنگ بھی نہیں ہونی چاہیے، میں نہیں چاہتا کہ پولیس گھروں میں گھسے اور بسنت کا رنگ خراب ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں