کشمیر 76 سالہ جدوجہدِ آزادی کی علامت، کشمیریوں سے محبت اٹل ہے: چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و وکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام 76سال سے آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں جس کی راہ میں لاکھوں افرادنے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں،کشمیریوں کی تحریک آزادی استحکام پاکستان کی تحریک ہے جب کوئی قوم آزادی حاصل کرنے پرتل جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس کو آزادی کے حصول سے روک نہیں سکتی،بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جبر اور ظلم نے دنیا اور خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے، 5 فروری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے طورپر منایا جاتا ہے یہ دن بھارت کے ظلم و استبداد اور ہٹ دھرمی کے خلاف کشمیریوں کی لازوال جہدوجہد آزادی کی حمایت میں تجدید عہد کا دن ہے یہ صرف پاکستان اور آزادکشمیر میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھرمیں جوش وجذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے اور آزادی کے متوالوں مظلوم کشمیریوں کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ بھارت کے تسلط سے کشمیر کو آزادی دلانے میں وہ تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ 5 اگست 2019 کومودی سرکارنے جموں وکشمیر کی مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب بڑی جیل میں بدل دیا ہے پانچ سال پانچ ماہ گزرنے کے باوجود 80 لاکھ سے زائد مسلمان آبادی تمام بنیادی سہولتوں انسانی حقوق سے محروم اور محاصرے کی کیفیت میں ہیں وادی کے عوام کی زندگی 9 لاکھ بھارتی فوج کے ہاتھوں اجیرن ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست2019 کا واقعہ اچانک نہیں ہوا یہ مودی کا دیرینہ خواب اور ایجنڈا تھا جس پر اس نے عمل کرکے آر ایس ایس اور ہندووں کو خوش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور اسے اپنا اٹوٹ انگ سمجھتا ہے مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بھارتی قابض فوج کے مظالم کو دنیا بھر میں عیاں ہونا چاہئے تاکہ دنیا کو بھارت کا مکرو ہ چہرہ نظر آسکے انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب ہماری محبت رنگ لائے گی اور کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے واضح الفاظ میں یہ بات کہی تھی کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہمارے دلوں سے کشمیری بھائیوں کی محبت کو کوئی نہیں نکال سکتا پاکستان کی ہر حکومت نے پہلے بھی مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ سامنے رکھا ہے اور اب بھی کشمیرء بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور تمام عالمی ادارے اقوا م متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدکو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردارادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں