کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے جاری کردہ ایک خصوصی بیان میں کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کے لیے اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو حق خودارادیت کے حصول تک کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کے بدترین جبر اور استبداد کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط ہیں اور وہ اپنی آزادی کی جنگ پوری دلیری کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں پر محیط مقبوضہ کشمیر کے بھائی بہنوں کی قربانیوں کو پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ہم آج بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دعاگو ہیں کہ وادی میں جلد امن و آزادی کا سویرا ہو اور ان کی مشکلیں خوشیوں میں بدل جائیں۔ مشیر برائے ترقی نسواں نے خاص طور پر مقبوضہ وادی میں خواتین اور بچوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے اس تحریک آزادی میں جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنوں کا استعمال اور خواتین کی بے حرمتی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے جس پر عالمی ضمیر کو جاگنا ہوگا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی یہ اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالیں اور بھارت کو انسانیت سوز مظالم سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کا دکھ ہمارا دکھ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب قربانیوں کا رنگ لائے گا اور مقبوضہ کشمیر کی فضاؤں میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

