قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے پر 178کو 31لاکھ 31ہزار 500کے جرمانے عائد،570پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے

لاہور (این این این آئی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی عید پر بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سویٹس بیکری یونٹس کی سرپرائز چیکنگ کے دوران 180کلو ناقص مٹھائی، 127لیٹر دودھ، 129کلو ایکسپائر اشیا، 3من سے زائد ممنوعہ اشیاء رنگ،انڈے تلف کر دیئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 795بیکریوں کی چیکنگ، 2بیکریاں بند کر دیں جبکہ قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے پر 178کو 31لاکھ 31ہزار 500کے جرمانے عائد کیے۔ اس کے ساتھ معمولی نقائص پر مزید بہتری میں کے لیے 570پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ لاہور ریجن میں 166،فیصل آباد 136، ساہیوال 47، راولپنڈی میں 54، گوجرانوالہ میں 158پوائنٹس چیک کیے گئے، سرگودھا ڈویژن میں 111، ڈیرہ غازی خان میں 36، ملتان 43، بہاولپور میں 44فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یونٹس میں بدبودار ماحول، حشرات کی بھرمار، ممنوعہ اجزاء سے بیکری آئٹمز تیار کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی،کھلی نالیاں، ٹوٹے فرش اور سگریٹ کی باقیات یونٹ میں موجود پائی گئیں،انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل عدم موجود پائے گئے۔ عاصم جاوید نے کہا کہ بڑی عید پر فوڈ سیفٹی ٹیمیں زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت میدان میں ہیں، خوراک کی تیاری میں ناقص مضر صحت اجزا استعمال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔صوبہ بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔پنجاب بھر میں خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈاتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں