کوئٹہ(این این آئی) ڈائریکٹوریٹ جنرل بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل عبدالغفار مکسی نے 34 اہلکاروں کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا ہے برطرفی کا یہ فیصلہ دانستہ غیر حاضری، غیر پیشہ ورانہ رویہ اور مجاز اتھارٹی کے قانونی احکامات کی نافرمانی کے الزامات کی بنیاد پر کیا گیا برطرف کیے گئے اہلکار پہلے لیویز فورس کے مختلف ونگز سے تعلق رکھتے تھے، جو اب بلوچستان پولیس میں ضم ہو چکے ہیں اہلکار مختلف اضلاع میں تعینات تھے، جن میں خضدار، زیارت، سوراب، شیرانی، نوشکی، چاغی، لسبیلہ، کچھی، قلات، واشک، خاران، پشین اور مستونگ شامل ہیں ذرائع کے مطابق، غیر حاضری اور ڈیوٹی سے غفلت نے انتظامیہ میں مسائل پیدا کیے، جس کے بعد یہ سخت اقدام اٹھایا گیا نوٹیفکیشن کے مطابق برطرف اہلکاروں کی تمام تنخواہیں اور الاؤنسز فوری طور پر بند کر دی جائیں اور متعلقہ محکمے فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنائیں اس سلسلے میں محکمہ داخلہ بلوچستان، اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ادارے بھی آگاہ کیے گئے ہیں۔ڈی جی لیویز عبدالغفار مکسی نے کہا کہ پولیس میں ضم ہونے والے سابقہ اہلکاروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی نئی تعیناتی میں مکمل ذمہ داری اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں۔

