پشاور (این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد کے علاقے ترلئی کلاں میں امام بارگاہ پر ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی بھارت کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانا اور امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں اس طرح کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔فیصل کریم کنڈی نے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

