کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن سیکٹر مسلسل اپنے اعلیٰ معیار اور عروج کی جانب گامزن ہے جو ہم سب کیلئے قابل فخر اعزاز ہے تمام گیارہ سرکاری یونیورسٹیوں کی رینکنگ اور اسکورنگ کو بلند ترین کے پیچھے ہماری طویل جدوجہد، دانشمندانہ منصوبہ بندی اور کڑی نگرانی کارفرما ہیں۔ انتہائی مختصر عرصے میں سرکاری یونیورسٹیوں کو گوں ناگوں مسائل کے چنگل سے نکالنا، غیرضروری اخراجات بہت حد تک کم کرنا اور تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ایک بڑا چیلنج تھا جسے ہم نے موجودہ حکومت، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، متعلقہ وائس چانسلرز صاحبان اور گورنر ہاؤس کی اپنی ٹیم کی انتھک کاوشوں اور مخلصانہ تعاون سے عبور کیا۔ سرکاری یونیورسٹیوں میں ایک سال کے اندر اندر تمام سینیٹ اور سنڈیکیٹ اجلاسوں کا بروقت انعقاد سے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔ سردست میری خواہش اور کوشش ہے کہ اس سال کے آخر تک تمام یونیورسٹیوں اور انکے کیمپسز میں بجلی کے نظام کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا جائے تاکہ ہر مہینہ کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہو سکے۔ اسکے علاوہ ہم نے وائس چانسلرز کو پہلے ہی اپنی اپنی یونیورسٹیوں میں تمام غیرضروری ڈیپارٹمنٹس کو بند کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور یونیورسٹی کے احاطے میں اضافی اراضی کو زیرکاشت لانے کی تاکید بھی کی گئی ہے تاکہ یونیورسٹی کی سطح پر بھی آمدنی کے نئے ذرائع پیدا ہو سکیں۔ واضح رہے کہ پہلے دن سے ہی تمام نئی تعیناتیوں اور پروموشن کے امور و معاملات میں خالص میرٹ کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ مجھے بلوچستان کے باصلاحیت اور ملنسار نوجوانوں سے بہت بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں اور ہم انہیں کوالٹی ایجوکیشن اور جدید مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ اگر ہم اپنے ابھرتے ہوئے نوجوانوں کے روشن اور کامیاب مستقبل کو محفوظ بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ پاکستان اور بلوچستان دونوں کیلئے باعث افتخار ہوگا۔ ہمارے ان تمام تعلیم دوست اقدامات کا مقصد ہماری بنیادی انقلابی اصلاحات اور غیرمعمولی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے بلوچستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے بارے میں تمام متعلقہ اداروں، حکام اور عوام کے تاثرات میں بھی تبدیلی لانا ہے۔ الحمدللہ، آج ہم یونیورسٹی کی پوزیشن کو اکیڈمک ایکسیلینس کی روشنی اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے امید کی علامت کے طور پر مستحکم کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

