کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز کر کے قوم کے دل جیت لیے ہیں شاہینوں نے آخری اوور تک بھرپور جذبے، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ وہ کسی بھی دباؤ کے بغیر کھل کر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی اجتماعی کارکردگی قابلِ تحسین رہی اور یہ کامیابی بہترین ٹیم ورک کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے فہیم اشرف کی ذمہ دارانہ اور میچ وننگ اننگز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کارکردگیاں ہی بڑے ٹورنامنٹس میں کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ میچز میں بھی اسی اتحاد، اعتماد اور عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی اور فتوحات کا یہ سلسلہ برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں اور شاہین اسی جوش و جذبے سے کھیلتے ہوئے ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

