نیشنل پارٹی: 8 فروری 2024 کے انتخابات میں دھاندلی نے عوامی مینڈیٹ مجروح کیا

کوئٹہ(رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ دن ملکی سیاسی تاریخ میں ایک متنازع اور افسوسناک باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔عوامی مینڈیٹ پر شب خون مار کر دھاندلی کے گھناؤنے چہرہ فارم 47 کو عوام پر مسلط کیا گیا۔جس کا خمیازہ آج بلوچستان شدید و گمبھیر مسائل کے زریعے بھگت رہا ہے۔مرکزی بیان میں کہا گیا کہ انتخابات کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں اور عوام کا ووٹ ہی ریاستی و پارلیمانی نظام کو جواز فراہم کرتا ہے، مگر 8 فروری کے انتخابی عمل میں فارم 47 کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی تبدیلی نے عوام کے اعتماد کو مجروح کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ سیاسی عمل میں مداخلت، سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں پر دباؤ، اور عوامی نمائندگی کے حقیقی حق کو چھیننے جیسے عوامل نے ملک میں سیاسی عدم استحکام کو بڑھایا ہے۔ جب عوام کے ووٹ کا احترام نہیں کیا جاتا تو اس کے اثرات صرف سیاسی نظام تک محدود نہیں رہتے بلکہ معاشی اور سماجی سطح پر بھی شدید ہوتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقِ حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ مضبوط اور مستحکم سماج کی ضمانت صرف اسی صورت ممکن ہے جب عوام کے ووٹ کو مقدس سمجھا جائے اور انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف، آزاد اور غیر جانبدار بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں