کوئٹہ(این این آئی) چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئریوسف شاہ خان نے کہاہے کہ کمپنی کومنافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ بجلی بلوں کی وصولی کیلئے مزیدمحنت سے کام کریں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے کیسکوہیڈکوارٹرمیں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں فیلڈافسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر(کسٹمرسروسز) مرزااعزازبیگ،ڈائریکٹر(کسٹمر سروسز)منصور عمراور سپرنٹنڈنگ انجینئرز کے علاوہ فیلڈآپریشن کے متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ بورڈآف ڈائریکٹرز کے احکامات کی روشنی میں بجلی چوری اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں۔جس کیلئے ایف آئی اے اور سرویلینس کی خصوصی ٹیمیں شہرکے تمام علاقوں میں بجلی کے کنکشنز چیک کریں گی تاکہ بجلی کے غیر قانونی کنکشنوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ بورڈآف ڈائریکٹرزنے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ غیر قانونی کنکشنز کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں اور اُنھیں نئے کنکشنز کی جلد ازجلد فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ صارفین کیلئے بجلی کے نئے کنکشن کا حصول مزید آسان بنادیاگیاہے جس میں صارف آن لائن نظام کے زریعے اب گھربیٹھے بجلی کے نئے کنکشن کیلئے درخواست دے سکتاہے۔ کیسکوچیف نے کہاکہ بقایاجات کے حامل تمام نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کے عمل میں تیزی لائی جائے کیونکہ بجلی بلو ں کی مدمیں حاصل ہونے والے رقوم کے علاوہ کیسکوکے پاس دیگر مالی وسائل نہیں ہوتے۔کیسکوچیف نے فیلڈآپریشن افسران کو ہدایت کی کہ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں علاوہ ازیں مرمتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری محکموں کے برقی کنکشنزکو جلد ازجلد آٹومیٹک میٹر ریڈنگ (اے ایم آر)سمارٹ میٹرزپر منتقل کریں اسکے بعد مرحلہ وار دیگر صارفین کے کنکشنز کو بھی آٹومیٹک میٹر ریڈنگ (اے ایم آر)سمارٹ میٹرزپر شفٹ کئے جائیں۔ قبل ازیں چیف ایگزیکٹوآفیسرکو سپرنٹندنگ انجینئرز، ایگزیکٹوانجینئرزاور ریونیو افسران کی جانب سے اپنے متعلقہ سرکل اور ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

