ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے بہنوئی اداکار آیوش شرما بھی مشکل پھنس گئے ہیں جہاں دیگر بالی ووڈ اداکاروں کی طرح انہیں بھی دھمکی موصول ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلمان کی بہن ارپیتا خان کے شوہر آیوش شرما کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ یہ ای میل لارنس بشنوئی گینگ سے جڑے فرد نے بھیجی ہے۔آیوش شرما کو ملنے والی دھمکی سے بالی ووڈ اسٹارز میں ایک دفعہ پھر تشویش پھیل گئی ہے کیونکہ ایک روز قبل ہی ایک اور اسٹار رنویر سنگھ کو وٹس ایپ وائس مسیج کے ذریعے دھمکی دی گئی تھی اور بھتہ بھی طلب کیا گیا تھا۔ممبئی کرائم برانچ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آیوش شرما کو پروٹون میل کے ذریعے ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے تاہم پولیس نے ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے اور دھمکی کے محرکات معلوم کرنے کے لیے تفتیش شروع کردی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ عہدیدار اس بات کا بھی تعین کر رہے ہیں کہ آیا مذکورہ ای میل ملک کے اندر سے یا باہر سے بھیج دی گئی ہے۔خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی دھرندھر کے اسٹار رنویر سنگھ کو وٹس ایپ پر دھمکی آمیز وائس مسیج ملا تھا، جس میں کروڑوں بھارتی روپے طلب کیے گئے اور اس پیغام سے ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور ان کی رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

