پاکستان امن پسند ملک،خطے،عالمی سطح پر قیامِ امن، مکالمے و تعمیری تعاون پر یقین رکھتا ہے،سیدال خان ناصر

کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو خطے اور عالمی سطح پر قیامِ امن، مکالمے، باہمی احترام اور تعمیری تعاون پر یقین رکھتا ہے، ایوانِ بالا وفاق کی علامت ہے جو تمام صوبوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرتا ہے۔ سینیٹ قانون سازی، حکومتی امور کی نگرانی اور پالیسی رہنمائی کے ذریعے جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔یہ بات انہوں نے Sixth International Workshop on Leadership and Stability کے بین الاقوامی وفد سے سینیٹ آف پاکستان میں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفد کو ایوانِ بالا کے آئینی کردار، پارلیمانی طریقہ کار، قانون سازی کے عمل اور جمہوری استحکام میں سینیٹ کے مؤثر کردار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین، کاروباری و تعلیمی شعبوں کے نمائندگان، تھنک ٹینکس کے ماہرین، سرکاری و عسکری حکام اور میڈیا سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ قیادت اور استحکام جیسے اہم موضوعات پر عالمی سطح پر سنجیدہ مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ عالمی حالات باہمی تعاون اور مشترکہ دانش کے متقاضی ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر اس امر پر زور دیا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی کانفرنسز، ورکشاپس اور مکالمے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب دنیا بھر سے ماہرین، دانشور اور پالیسی ساز پاکستان کا دورہ کرتے ہیں اور یہاں کے پارلیمانی نظام، جمہوری عمل اور ادارہ جاتی ڈھانچے کا مشاہدہ کرتے ہیں تو اس سے پاکستان کا تعمیری، ذمہ دار اور جمہوری کردار عالمی سطح پر مزید نمایاں ہوتا ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو خطے اور عالمی سطح پر قیامِ امن، مکالمے، باہمی احترام اور تعمیری تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی علمی و فکری سرگرمیاں نہ صرف خیالات کے تبادلے کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ مختلف ممالک کے درمیان اعتماد سازی، باہمی روابط کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مثبت شراکت داری کا خواہاں ہے اور پارلیمان اس حوالے سے پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی، ماحولیاتی اور سلامتی سے متعلق پھیلتے ہوئے عالمی چیلنجز کا مؤثر حل باہمی مکالمے، تعاون اور اجتماعی بصیرت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفد کو سینیٹ کے طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایوانِ بالا وفاق کی علامت ہے جو تمام صوبوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرتا ہے۔ سینیٹ قانون سازی، حکومتی امور کی نگرانی اور پالیسی رہنمائی کے ذریعے جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ قائمہ کمیٹیاں شفافیت، احتساب اور بہتر حکمرانی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ، محترمہ ربیعہ انوار نے وفد کو ایوانِ بالا کے فرائض و اختیارات، قانون سازی کے مراحل، قائمہ کمیٹیوں کے کردار، اراکین سینیٹ کے انتخاب کے طریقہ کار اور سینیٹ کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے شرکاء کے سوالات کے جامع جوابات بھی فراہم کیے۔وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، ارتقائی مراحل اور اہم قانون سازی سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ وفد کو سینیٹ ہال بھی دکھایا گیا جہاں انہوں نے ایوانِ بالا کے اجلاس کی براہِ راست کارروائی دیکھی اور پارلیمانی روایات و طریقہ کار سے متعلق عملی مشاہدہ کیا۔آخر میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے وفد کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے نہ صرف پاکستان کا مثبت امیج مزید مستحکم ہوگا بلکہ مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وفد کے اراکین نے بریفنگ کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے سینیٹ سیکرٹریٹ کی رہنمائی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں