کوئٹہ (این این آئی) حکو مت ِ بلوچستان نے محکمہ خوراک کو فوری طور پر ختم کرتے ہوئے اس کی جگہ نیا کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ قائم کردیا۔چیف سیکرٹری بلوچستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی منظوری کے بعد بلوچستان گورنمنٹ رولز آف بزنس 2012 کے رول 3 کے تحت محکمہ خوراک کو فوری طور پر ختم کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایگریکلچر اینڈ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ ونگ کا انتظامی کنٹرول بھی فوری طور پر کموڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم مارکیٹ کمیٹی کی انتظامیہ بدستور ایگریکلچر اینڈ کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت رہے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف فوڈ بھی تحلیل کر دیا گیا ہے جبکہ کنزیومر پروٹیکشن ڈائریکٹوریٹ اور کموڈیٹی مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ کموڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے نتیجے میں محکمہ خوراک اور ڈائریکٹوریٹ آف فوڈ کے تمام اثاثے، واجبات اور انسانی وسائل نئے قائم شدہ محکمہ کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔

