کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے۔سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں کے پہنچتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد آٹھ دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران تین اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے ہے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تاکہ کسی ممکنہ سہولت کار یا فرار ہونے والے دہشت گرد کو گرفتار کیا جا سکے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

