تربت(رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر انجنیئر حمید بلوچ نے اپنے ایک بیان میں بنگلہ دیش کے عوام کو حالیہ عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ سیاسی شعور اور عوامی رائے ہی ریاستی استحکام کی اصل بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کا پُرامن اور منظم انعقاد جنوبی ایشیا میں جمہوریت کے تسلسل کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق جمہوری عمل کا تسلسل نہ صرف داخلی استحکام کو مضبوط بناتا ہے بلکہ خطے میں اعتماد اور تعاون کی فضا بھی قائم کرتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام اور آئینی عملداری ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔
انجنیئر حمید بلوچ نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا اس وقت سیاسی و معاشی چیلنجز سے دوچار ہے، لہٰذا خطے کے ممالک کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر غربت، موسمیاتی تبدیلی، بے روزگاری اور معاشی ناہمواری جیسے مشترکہ مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق علاقائی استحکام اسی وقت ممکن ہے جب مکالمے، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مساوی اور منصفانہ بنیادوں پر تعاون کو یقینی بنائے۔ بیان کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جمہوریت کے تسلسل سے پورے خطے میں مثبت پیغام گیا ہے، اور امید ظاہر کی کہ نئی قیادت عوامی فلاح، علاقائی ہم آہنگی اور معاشی ترقی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے گی۔

