کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما ارباب اسد علی کاسی،اختر بلوچ،ملک حمید کاکڑ، لیبر بیورو کے صدر شاہجہان گجرنے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاری ہے ہمیں چاہئے کہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے اپنے علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پودے لگاکر شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہم کا آغا کردیا ہے جس کے دوران مختلف مقامات پر پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کا واحد ہل شجرکاری ہے درخت لگانے سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مضمر اثرات سے بھی بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے،درجہ حرارت میں کمی لانے اور قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے میں اہم کرداراد اکرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو چاہئے کہ وہ شجرکاری مہم کے دوران صوبے بھر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اورانکی نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ درخت لگانا صدقہ جاری ہے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد کواس میں حصہ لینا چاہئے۔

