غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت،کرایہ داری کی خدمات پر 5 فیصد سیلز ٹیکس، رجسٹریشن اور بروقت ریٹرن جمع کرانا لازمی ہے،بی آر اے

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا کرایہ داری (ہائرنگ) سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے افراد و اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر بی آر اے کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور ہر ٹیکس پیریڈ کی ریٹرن مقررہ وقت کے اندر جمع کرائیں۔ بی آر اے کے مطابق بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) ایکٹ 2015 ترمیم شدہ فنانس ایکٹ 2025 کے تحت غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا کرایہ داری سے متعلق فراہم کی جانے والی خدمات پر 5 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔ اس ضمن میں رئیل اسٹیٹ ایجنٹس، پراپرٹی ڈیلرز اور متعلقہ سروس پرووائیڈرز پر لازم ہے کہ وہ مقررہ شرح کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور اپنی ٹیکس ریٹرنز بروقت جمع کرائیں۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ رہنے، ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے یا بروقت ریٹرن جمع نہ کرانے کی صورت میں بی ایس ٹی ایس ایکٹ 2015 کے تحت جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ بی آر اے نے متعلقہ افراد و اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگی اور جرمانوں سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں