صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ) امن و امان کی بحالی کیلئے پولیس متحرک ضلع صحبت پور کے علاقے فریدآباد میں جب بھی بدامنی کی فضا سر اٹھاتی ہے تو پولیس کی مستعدی اور کارکردگی نمایاں طور پر سامنے آتی ہے۔ خصوصاً تھانہ ملک محمد شہید کے ایس ایچ او طارق گاجانی اپنی جرات، فرض شناسی اور عملی اقدامات کے باعث عوامی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
ایس ایچ او طارق گاجانی رات گئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خود گشت پر نکلتے ہیں۔ بڑی گاڑیوں کے بجائے موٹر سائیکل پر گشت کرنا ان کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جس سے نہ صرف مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے بلکہ عوام میں بھی تحفظ کا احساس مضبوط ہو رہا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ فریدآباد میں بڑھتی ہوئی بدامنی کو کنٹرول کرنے کیلئے ایس ایچ او تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں۔
علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ طارق گاجانی اپنی بہترین حکمت عملی اور مستقل مزاجی کے ذریعے علاقے میں دیرپا امن قائم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پولیس اور شہریوں کے باہمی تعاون سے ہی پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

