صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) ضلع صحبت پور میں عوامی فلاح و بہبود اور دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ ایک بار پھر نمایاں ہو گیا۔ رحمت شکیل ٹرسٹ اور استاد عبد الباری میموریل کے باہمی تعاون سے فریدآباد کے علاقے بھنڈ کے مقام پر روزہ داروں کے لیے عظیم الشان دسترخوان کا اہتمام کیا گیا۔
اس کارِ خیر کو عملی جامہ پہنانے میں اونر صفدر علی خان کھوسہ کی خصوصی کاوشیں شامل رہیں، جن کی انتھک محنت کے باعث یہ دسترخوان ممکن ہو سکا۔ خدمت کا یہ سلسلہ عطا محمد کھوسہ و دیگر سے آگے بڑھا، جنہوں نے بھرپور انداز میں حصہ لے کر اس نیکی کے عمل کو کامیاب بنایا۔
افطار دسترخوان کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں سے آنے والے تاجروں، مستریوں اور دیگر محنت کش افراد کو روزہ افطار کرانا تھا، تاکہ وہ اجنبیت کے احساس کے بغیر بھائی چارے اور محبت کے ماحول میں روزہ کھول سکیں۔ دسترخوان پر بڑی تعداد میں روزہ داروں نے شرکت کی اور افطار کیا۔
اس نیک عمل میں مخیر حضرات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور دسترخوان کو رونق بخشی۔ شرکاء نے اسے نہ صرف خدمتِ خلق بلکہ ثوابِ دارین حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ صفدر علی خان کھوسہ ہر سال کی طرح اس سال بھی روزہ داروں کی خدمت اور افطار کے انتظامات میں پیش پیش رہے، جو ضلع صحبت پور میں فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کا عملی ثبوت ہے۔

