پشین (این این آئی) ماہِ رمضان المبارک میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ نرخنامے کی خلاف ورزی اور زائد قیمتوں پر گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران درجن سے زائد قصابوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشین، منصور احمد قاضی کی خصوصی ہدایات پر میونسپل مجسٹریٹ محمد اسحاق کاکڑ نے شہر کے مختلف قصاب خانوں کا اچانک معائنہ کیا۔ کارروائی عوامی شکایات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری کردہ شکایتی نمبر پر زائد نرخ وصولی سے متعلق متعدد شکایات درج کرائیں تھیں، جن پر فوری ایکشن لیا گیا۔معائنے کے دوران سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے 13 قصائیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر کو سخت تنبیہ جاری کی گئی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوامی شکایات پر فوری کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو بھی عوام کا معاشی استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

