کوئٹہ(این این آئی)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون بلوچستان نے سینئر آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر شمس اچکزئی، پر ہونے والے بزدلانہ اور جان لیوا حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ڈاکٹر برادری معاشرے کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہے، ایسے میں اْن پر حملے نہایت قابلِ مذمت اور تشویشناک ہیں۔ اس طرح کے واقعات نہ صرف ڈاکٹروں میں خوف و ہراس پھیلاتے ہیں بلکہ صوبے میں صحت کے نظام کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ہم حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے، اور صوبے بھر میں ڈاکٹر برادری کی سکیورٹی کے لیے مؤثر اور سخت اقدامات کیے جائیں۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون واضح کرتی ہے کہ اگر ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو ہم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوں گے۔

