کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے صوبے میں زمین کی ڈویلپمنٹ اور رہائشی و کمرشل یونٹس کی تعمیر سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے پراپرٹی ڈویلپرز اور پروموٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں اور ہر ٹیکس پیریڈ کی ریٹرنز بروقت جمع کرائیں۔اتھارٹی کے مطابق بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) ایکٹ 2015 کے تحت زمین کی ڈویلپمنٹ اور تعمیراتی خدمات پر مخصوص شرح سے ٹیکس عائد ہے۔ اعلامیے کے مطابق خریدی یا لیز پر حاصل کی گئی زمین کو رہائشی یا کمرشل پلاٹس میں تبدیل کرنے کی خدمات پر فی مربع گز 100 روپے جبکہ رہائشی یا کمرشل یونٹس کی تعمیر پر فی مربع فٹ کورڈ ایریا 50 روپے ٹیکس مقرر ہے۔بی آر اے نے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ ڈویلپرز اور پروموٹرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ مقررہ قوانین کے مطابق اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، ٹیکس واجبات ادا کریں اور مقررہ وقت کے اندر اپنی ٹیکس ریٹرنز جمع کرائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔اتھارٹی نے تمام متعلقہ کاروباری افراد سے کہا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی اور اضافی مالی بوجھ سے بچا جا سکے۔

