کوئٹہ (این این آئی)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کوئٹہ نے بولان میڈیکل کالج/بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال، کوئٹہ میں شعبہ نیورو سرجری کے سربراہ کے طور پر جاری شدہ نوٹیفکیشن پر شدید تحفظات اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔پرنسپل بولان میڈیکل کالج، کوئٹہ کی جانب سے یہ نوٹیفکیشن براہِ راست جاری کیا گیا ہے، اور یہ غیر قانونی (illegal) ہے۔ اس میں ایک جونیئر ڈاکٹر کو بطور نگران سربراہ شعبہ نیورو سرجری بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جبکہ اسی شعبہ میں سینیئر اساتذہ اور پروفیسرز موجود ہیں۔ اگرچہ یہ جونیئر ڈاکٹر ہماری ڈاکٹروں کی کمیونٹی سے تعلق رکھتا ہے، لیکن یہ غیر قانونی اقدام قابلِ قبول نہیں، کیونکہ پرنسپل نے سرکاری قواعد، پالیسیوں، ریگولیشنز اور قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔پی ایم اے کوئٹہ کے مطابق یہ غیر قانونی نوٹیفکیشن ڈاکٹروں کی برادری میں اختلافات پیدا کرنے، سینیئرز اور پروفیسرز کی وقار کو متاثر کرنے، اور ادارے کے میرٹ و شفافیت کے اصولوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے۔ایسوسی ایشن متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس غیر قانونی نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور معاملے کا شفاف اور غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے، تاکہ ادارے کی سالمیت، میرٹ اور وقار برقرار رکھا جا سکے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کوئٹہ اس بات پر زور دیتی ہے کہ تمام انتظامی اقدامات آئینی تقاضوں، سینیارٹی اصولوں اور ادارہ جاتی روایات کے مطابق کیے جائیں، تاکہ بلوچستان کے میڈیکل کالجز میں پیشہ ورانہ استحکام اور باوقار تعلیمی ماحول برقرار رہے۔

