امریکہ،اسرائیل دانستہ طور پر پورے خطے کو آگ اور خون کا اکھاڑہ بنانا چاہتے ہیں،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب امیر و ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، صوبائی نائب امیر و ضلعی سینئرنائب امیر مولانا خورشیداحمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد نورزئی، مفتی رضاخان، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، مولوی نقیب اللہ ملاخیل اور دیگر نے کہاہے کہ امریکہ اور اسرائیل دانستہ طور پر پورے خطے کو آگ اور خون کا اکھاڑہ بنانا چاہتے ہیں۔ اسلامی ممالک کو ان کی شرپسندانہ اور سامراجی سازشوں سے ہوشیار رہنا ہوگا انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان جنگ، نفرت اور انتشار دراصل امریکہ اور اسرائیل کی بنیادی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے ناجائز مفادات کو تحفظ دے سکیں اور امتِ مسلمہ کو کمزور رکھ سکیں انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین میں لاکھوں بے گناہ نہتے اور معصوم انسانوں کے قتلِ عام میں امریکہ اسرائیل کا برابر کا شریکِ جرم رہا ہے اور اس نے ہمیشہ صہیونی مظالم کو سیاسی، سفارتی اور عسکری تحفظ فراہم کیاہے انہوں نے کہا کہ غزہ کے نام نہاد امن معاہدوں کے ذریعے قابض اسرائیل کو مزید کھلی چھوٹ دی گئی جس کے نتیجے میں نہتے فلسطینی شہریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ مزید تیز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی اور دوہرا معیار انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اسلامی دنیا متحد ہوکر فلسطینی عوام کی عملی حمایت کرے امریکہ اور اسرائیل کے ظالمانہ عزائم کو ناکام بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں