نقل ناسور،طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر دیتی ہے، لعنت کا خاتمہ ناگزیر ہے،ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن رخشان

نوکنڈی (این این آئی)ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن رخشان ڈویژن، نوروز خان مسکانزئی نے نوکنڈی میں جاری سالانہ امتحانات کے مرکز کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سنئیر ٹیچر حاجی عبیدالرحمن بھی موجود تھے۔ سینٹر سپرنٹنڈنٹ عبدالغیاث نوتیزئی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالشکور حسنزئی، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ امان اللہ مینگل نگران قاضی انور بلوچ نے امتحانی عمل کی نگرانی کی۔ انتظامیہ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے سخت اور مؤثر اقدامات کیے گئے تھے، جبکہ امتحانی ہال میں نظم و ضبط کا مثالی ماحول دیکھنے میں آیا۔ ڈویژنل ڈائریکٹر نوروزخان مسکانزئی نے ہال کا دورہ کیا، طلبہ کے پرچوں کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نقل ایک ناسور ہے جو طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر دیتا ہے، اس لعنت کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت، دیانت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں تاکہ نہ صرف امتحانات میں بلکہ عملی زندگی اور مسابقتی امتحانات میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صاف و شفاف امتحانی نظام ہی تعلیمی معیار کی بہتری کی ضمانت ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں