کمشنر سبی اسداللہ فیض نے شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

سبی(رپورٹر)کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے سوشل ویلفیئر دفتر میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد جاوید لاشاری، محکمہ کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر اسداللہ فیض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی،بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا قومی اور اخلاقی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے فضائی آلودگی میں کمی، ماحول کی بہتری، زمین کی زرخیزی میں اضافہ اور آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد جاوید لاشاری نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نہ صرف شجرکاری مہم میں حصہ لے رہا ہے بلکہ عوام میں درخت لگانے کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرسبز ماحول صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے۔تقریب کے دوران افسران اور عملے نے پودے لگا کر شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔آخر میں کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، محلوں اور عوامی مقامات پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں

اپنا تبصرہ بھیجیں