سبی(رپورٹر)کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ڈائریکٹریٹ سوشل ویلفیئر کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد جاوید لاشاری نے دیگر افسران کے ہمراہ ان کا استقبال کیا اور دفتر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرایا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے کمشنر کو محکمہ کی کارکردگی، جاری فلاحی منصوبوں اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ مستحق، معذور اور نادار افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف پروگرامز پر کام کر رہا ہے، تاہم وسائل کی کمی اور دیگر انتظامی مسائل درپیش ہیں۔کمشنرسبی ڈویژن اسداللہ فیض نے دفتر کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ عوا می خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مستحق افراد تک سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سماجی بہبود کے ادارے معاشرے کے کمزور طبقات کی خدمت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔دورے کے اختتام پر کمشنر سبی ڈویژن نے سوشل ویلفیئر کی جانب سے معذور افراد میں ویل چیئرز اور الیکٹرک ویل چیئرز تقسیم کیں۔اس موقع پر مستحق افراد اور ان کے اہل خانہ نے سہولیات کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا۔کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ حکومت معذور افراد کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور انہیں سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔

