لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) اوتھل شہر میں ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں بیٹے نے مبینہ طور پر اپنے باپ اور بھائی پر چھریوں سے حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ریٹائرڈ سینئر ڈرگ انسپکٹر ملک مسعود پر ان کے بیٹے نے اچانک حملہ کر دیا۔ ملزم نے اپنے بھائی PPHI لسبیلہ کے سربراہ منصور مسعود کو بھی چھریوں کے پے درپے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔ واقعے کے بعد دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق منصور مسعود کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔اوتھل پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

