گلدستۂ رمضان اور افطار دستر خوان — خدمت، محبت اور ثوابِ دارین کا حسین امتزاج

صحبت پور (عطا محمد کھوسہ) رمضان المبارک اپنے ساتھ رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کی بہار لے کر آتا ہے۔ اس بابرکت مہینے میں افطار دستر خوان سجانا نہ صرف ایک عظیم سعادت ہے بلکہ ثوابِ دارین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ روزہ داروں کو افطار کروانا سنتِ نبوی ﷺ ہے اور یہ عمل اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کا باعث بنتا ہے۔
دور دراز علاقوں سے آنے والے مسافر، محنت کش اور نادار افراد کے لیے افطار کی سہولت فراہم کرنا ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ ایسے ہی نیک جذبے کے تحت رحمت شکیل ٹرسٹ اور استاد عبدالباری میموریل کے تعاون سے گلدستۂ رمضان کے عنوان سے افطار دستر خوان سجایا جا رہا ہے، جہاں روزانہ درجنوں افراد باعزت طریقے سے اپنا روزہ افطار کرتے ہیں۔
اس کارِ خیر کو کامیاب بنانے میں اونر صفدر علی کھوسہ کی کاوشیں اور ہمت و جستجو قابلِ داد ہیں۔ ان کے ہمراہ عطا محمد کھوسہ اور اصغر علی بادینی سمیت پوری ٹیم دن رات محنت کر کے روزہ داروں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
افطار دستر خوان پر سادگی کے ساتھ محبت، خلوص اور ایثار کی خوشبو بکھری ہوتی ہے۔ یہی اقدامات روزہ داروں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرتے اور دلوں کو سکون عطا کرتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے اس اقدام کو ایک بہترین اور مثالی قدم قرار دیتے ہوئے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بلاشبہ، گلدستۂ رمضان صرف ایک دستر خوان نہیں بلکہ انسانیت، بھائی چارے اور خدمتِ خلق کا روشن استعارہ ہے، جو معاشرے میں محبت، اتحاد اور خیر کے پیغام کو عام کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں