کیچ و گوادر کے بس ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا فوری نوٹس لیا جائے،جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں،پارلیمانی سیکرٹری انرجی میر اصغر رند

تربت(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ء پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی میر اصغر رند نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ عوام اور ٹرانسپورٹرز کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوسٹل ہائی وے پر کیچ اور گوادر کے بس ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کوسٹل ہائی وے پر قائم چیک پوسٹوں کی وجہ سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے بلکہ سب سے زیادہ متاثر غریب مسافر ہو رہے ہیں، جو شدید اذیت برداشت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ٹرانسپورٹرز مجبورا? اپنی سروس معطل کرکے ہڑتال پر گئے ہیں، جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔میر اصغر رند نے مطالبہ کیا کہ چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو عوام دوست رویہ اپنانے کا پابند بنایا جائے اور چیکنگ کے نظام کو بہتر کیا جائے۔ ہر چیک پوسٹ پر گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر کھڑا کرنے سے گریز کیا جائے اور چیک پوسٹوں کو صرف سیکیورٹی معاملات تک محدود رکھا جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ عوام کی پریشانیوں اور تکالیف کو سنجیدگی سے لیا جائے اور انہیں مزید مایوسی میں نہ دھکیلا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی سے بات کریں گے اور صوبائی اسمبلی کے فلور پر بھی اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں