کراچی (این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں الخدمت 32 ہزار باہمت یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے،کراچی میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت شاپنگ مال میں 2500 باہمت بچوں کو عید کی شاپنگ کروائی جارہی ہے،ہر بچے کو 6 ہزار روپے عید شاپنگ اور 500روپے عیدی کے طور پر دیے گئے ہیں۔بچوں کو ان کی ماؤں اور سرپرستوں کے ساتھ عید الفطر کی شاپنگ کا موقع دیا گیا ہے تاکہ ان بچوں کو عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے، الخدمت تعلیم،صحت،صاف پانی سمیت زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے، 25فروری سابق سٹی ناظم نعت اللہ خان کا یوم وفات ہے،نعمت اللہ خان کو شاندار عوامی و فلاحی خدمات پر ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،وہ خدمت اور دیانت کا استعارہ تھے۔ان ہی کی وجہ سے الخدمت کی دنیا بھر میں شناخت بنی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو گلشن اقبال کے شاپنگ مال میں عید شاپنگ کے تیسرے دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین، الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران کے علاوہ اسکول وکالجز اور جامعات کے طلبہ طالبات بھی بطور والنٹیئرز بڑی تعداد میں موجود تھے،منعم ظفر خان نے شاپنگ مال کا دورہ بھی کیا۔بچوں سے ان کی خریداری سے متعلق دریافت کیا اور ان کے سروں پر دست شفقت رکھا۔ منعم ظفرخان نے کہا کہ الخدمت ہر سال یتیم بچوں کیلئے عید شاپنگ کا اہتمام کر تی ہے، یہ بچے الخدمت آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ ہیں،برسوں سے ماہانہ بنیادوں پر ان کے گھروں پر کفالت کی جا رہی ہے۔ الخدمت ان بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی ماؤں کی تربیت کا بھی اہتمام کر تی ہے۔منعم ظفرخان نے کہا کہ الخدمت کے ملک بھر میں 24آغوش ہوم ہیں۔ کراچی میں گلشن معمار میں لڑکوں اور پی ای سی ایچ ایس میں لڑکیوں کا آغوش ہوم قائم ہے جہاں انہیں بورڈنگ طرز کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، الخدمت کے اس پروگرام سے فارغ ہونے والے بچے ڈاکٹر اور انجینئر بن رہے ہیں اور مختلف شعبوں میں جا کر ملک وقوم کی خدمت کر رہے ہیں،آغوش ہوم گرلز اور بوائز میں قیام پذیر بچوں کو بھی عید الفطر کی شاپنگ کروائی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ آج جب ہم اپنے بچوں کی بات کر رہے ہیں تو اہل فلسطین کے بچوں کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، فلسطین، غزہ میں 74 ہزار انسانوں کو شہید کیا گیا جن میں سب سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی تھی،ہم اہل غزہ کے ساتھ آج بھی جڑے ہوئے ہیں۔اہل فلسطین آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،ہم اب تک بحری اور فضائی راستے سے بڑی مقدار میں اہل فلسطین کو امدادی سامان بھیج چکے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے،اہل پاکستام مشکل وقت میں اہل غزہ کو یاد رکھیں۔الخدمت لوگوں کا غم سمیٹنے اور ان میں خوشیاں بانٹنے کا کام کر ہی ہے انہوں نے شاپنگ مال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور الخدمت آرفن کیئر کی پوری ٹیم اور رضاکاروں کو بھی کار خیر پر مبارکباد دی۔

